سوشل میڈیا پریہ نہیں ہوسکتا جومرضی الزام لگا دیں، بے بنیاد الزام لگانے والے صحافی کونوٹس بھیجا جائے گا
لاہور(سپیشل رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب کابینہ نے صنعتی ترقی اور ایکسپورٹ پروگرام سکیم کے فیچرز کی منظوری دے دی۔ ڈی جی پی آر میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا حکومت پنجاب میں تیار ہونے والی مصنوعات کی برآمدات پر توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تیار ہونے والی مصنوعات پر ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ لکھا ہونا چاہیے، مقامی سطح پر تیار ہونے والی مصنوعات کو پاکستانی شناخت کے ساتھ متعارف کرانے اور ان کی برآمدات پر توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا سوشل میڈیا پریہ نہیں ہوسکتا جومرضی الزام لگا دیں، بے بنیاد الزام لگانے والے صحافی کونوٹس بھیجا جائے گادوسری جانب صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے اقدامات جاری ہیں، اس وقت پنجاب بھر میں 1100 الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے آج مزید 1500 بسوں کی منظوری دے دی ہے۔سال کے اختتام تک پنجاب میں بسوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار ہو جائے گی۔