لاہورہائی کورٹ کا 2رکنی بینچ پی ٹی آئی رہنما کی 4 اپیلوں پر سماعت کرے گا
علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ پر گرفتاری کے لئے پولیس ٹیم کی تشکیل
لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی کے رہنما اعجازاحمد چودھری کی سانحہ 9مئی کے مقدمات میں سنائی گئی سزائوں کیخلاف اپیلیں لاہور ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے منظور کرلی گئیں جبکہ راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے پران کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی۔تفصیلات کے مطابق اعجاز چودھری کی اپیلوں پرکل 20اکتوبرکو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ سماعت کرے گا،ٹرائل کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما کو چار مختلف مقدمات میں دس دس سال قید کی سزا سنائی تھی۔راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کی خصوصی ٹیم علیمہ کے وارنٹ لے کر لاہور روانہ ہوگئی ہے ،وارنٹ پر علیمہ خان کا پتہ 14اپرمال روڈ لاہور درج ہے ، انسداد دہشتگری عدالت راولپنڈی نے ملزمہ کی عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جمعہ کو جاری کئے تھے۔ علیمہ خان کی ضمانت راولپنڈی کے رہائشی عمر شریف نے دی تھی اورایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروائے تھے۔ عدالتی سمن کے مطابق ملزمہ کو 20 اکتوبر کو پیش نہ کیا تو ضامن کیخلاف عدالتی کارروائی شروع ہو گی۔