جدید اسلحہ، کواڈکاپٹرز اور بکتر بند گاڑیاں پولیس کی استعداد میں اضافہ کریں گے‘سیکرٹری داخلہ
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا مشن،سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل کے زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کو 2ارب روپے مالیت کا جدید اسلحہ اور مشینری فراہم کی جائے گی، جدید اسلحہ، کواڈکاپٹرز اور بکتر بند گاڑیاں پولیس کی استعداد میں اضافہ کریں گے، کواڈکاپٹرز کچے کی سرویلنس کیساتھ ساتھ ٹارگٹ کو نشانہ بنانے میں بھی معاون ہوں گے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف پولیس کو بھرپور وسائل فراہم کر رہے ہیں، سکیورٹی کیلئے پنجاب میں 34جوائنٹ چیک پوسٹس تعمیر کی جا رہی ہیں، جوائنٹ چیک پوسٹس کے پروفیشنل ڈیزائن اور مضبوطی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، آر پی او ڈی جی خان سجاد حسن خان، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس ڈاکٹر زیشان نے شرکت کی جبکہ کمشنر ڈی جی خان، کمشنر بہاولپور، آر پی او رحیم یار خان، ڈپٹی کمشنر راجنپور اور رحیم یار خان اور ڈی پی او رحیم یار خان اور راجن پور ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔