لاہور(آئی این پی ) لاہور میں بجٹ سے قبل مہنگائی میں اضافے کی بدولت شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ، جہاں آٹے کی قیمتیں عام صارفین کی قوتِ خرید سے باہر ہوگئی ۔ تفصیل کے مطابق نجی آٹا کمپنیوں کی جانب سے 5 کلو آٹے کا تھیلا 850 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، دوسری جانب سرکاری سطح پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 2200 روپے میں دستیاب ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے اور آٹا خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے، عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر آٹے کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ غریب اور متوسط طبقہ ریلیف حاصل کر سکے۔ شہریوں کے مطابق موجودہ صورتحال میں اتنا مہنگا آٹا غریب آدمی کے بس سے باہر ہو چکا ہے اور روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔