اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی )قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا ہے جس طرح وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج اختلافات کو ہوا دینے کا دن نہیں، اسی جذبے کے تحت تمام سیاسی قوتوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج ہماری فوج ہے اور پاکستان کی ترقی ہم سب کی مشترکہ ترقی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر اپوزیشن کو اتنا غیر اہم اور بے اختیار کیوں سمجھا جاتا ہے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی وہ طاقت اور اختیار جو وقت کے ساتھ اس سے چھین لیا گیا ہے، اسے واپس کیا جانا چاہیے تاکہ جمہوری ادارے اپنی حقیقی حیثیت میں کام کر سکیں۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سرکاری ملازمین، پنشنرز اور زراعت سے منسلک لوگ بجٹ سے فوری متاثر ہوتے ہیں، سرکاری ملازمین، پنشنرز اور زراعت سے منسلک طبقہ دبائو کا شکار رہتا ہے‘ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ کیا جو بہت کم ہے، ہم نے تنخواہوں اور پنشن میں 100 فیصد تک اضافہ کیا تھا، حکومت سے گزارش ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کو 7 سے بڑھا کر 10 فیصد کیا جائے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ ومحصولات بلال اظہرکیانی نے کہا ہے آئندہ مالی سال کے دوران 35 لاکھ دکاندار ٹیکس نیٹ میں داخل ہوں گے، حکومت نے تنخواہ دار طبقے، کسان، صنعتکار، ایکسپورٹر اور ہر پاکستانی شہری کے مفادات کے مطابق متوازن بجٹ دیا ہے، بجٹ سے ملکی معیشت مضبوط ہو گی