"نیتن یاہو جنگی مجرم ہے، اسرائیل نے ایران پر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی: نفیسہ شاہ"

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما نفیسہ شاہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کے ایران پر حملے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ "اسرائیل کو عالمی سطح پر استثنیٰ کیوں دیا جا رہا ہے؟ یہ ریاست اپنے جرائم پر کب جوابدہ ہوگی؟"۔ ان کا کہنا تھا کہ "نیتن یاہو ایک جنگی مجرم ہے، جو اب تک پچاس ہزار فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے، اور اب ایران پر حملہ کرکے ایک اور جرم کا ارتکاب کیا ہے۔"نفیسہ شاہ نے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ اس وقت کیا جب سفارتی مذاکرات جاری تھے، جو نہ صرف اخلاقی طور پر بلکہ سفارتی آداب کے بھی منافی ہے۔ ان کے مطابق مغربی دنیا اور ایران کے درمیان بنیادی مسئلہ جوہری تنصیبات کا تھا، لیکن اسرائیل نے جنگ چھیڑ کر امن کوششوں کو سبوتاژ کیا۔پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔ "ہماری فوج، عوام اور شہداء نے دشمن کو شکست دی، سیسہ پلائی دیوار کی مانند اتحاد نے دشمن کو پسپا کیا،" ان کا کہنا تھا۔نفیسہ شاہ کے اس خطاب نے ایوان میں ایران اسرائیل کشیدگی اور عالمی برادری کے کردار پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔