لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس راجن پور کا کچہ کریمنلز کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ راجن پور پولیس کے کچہ آپریشن کے دوران مزید 18 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہتھیار ڈالنے والوں میں ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والا بدنام ڈاکو وہاب لونڈ سمیت مختلف گینگز کے سرغنہ ڈاکو شامل ہیں۔ سرنڈر کرنے والوں میں 50 لاکھ روپے سر کی قیمت والا بدنام ڈاکو شاہدین لونڈ بھی شامل ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز بھی راجن پور پولیس کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 11 ڈاکوؤں نے اسلحہ سمیت پولیس کے سامنے سرنڈر کیا تھا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ راجن پور پولیس کے کچہ آپریشن میں دو روز کے دوران سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد 29 ہو گئی ہیڈی پی او راجن پور محمد عمران نے بتایا کہ ہتھیار ڈالنے والے ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، قتل، اغوا برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ ڈی پی او راجن پور نے مزید کہا کہ گرفتار ڈاکوؤں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ کچہ کراچی اور کچہ عمرانی کے علاقوں میں پنجاب پولیس کا گرینڈ آپریشن بدستور جاری ہے جہاں ڈرونز کی مدد سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے بیشتر ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں جبکہ متعدد ڈاکو شدید زخمی ہو چکے ہیں۔ آر پی او ڈیرہ غازی خان اظہر اکرم نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکو بہرصورت سرنڈر کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز کے خلاف مسلسل کامیابیاں حاصل کرنے پر راجن پور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔