پی آئی اے کے 45ایئرکرافٹ انجینئر ز اور 65ٹیکنیشن مستعفی

مرمت کے کاموں پر پی آئی اے ایئرکرافٹ انجینئرز اور ٹیکشنینز پر کام کا دباؤ دوگنا 
استعفے دوسال کے دوران دئیے گئے ،وجہ بیرون ملک مانگ میں اضافہ تھا:ترجمان 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)پی آئی اے کے 110 ایئرکرافٹ انجینئرز اور ٹیکنیشنز نے ملازمت سے استعفیٰ دے دیا، قومی ایئرلائن میں انجینئرز اور ٹیکنیشنز کی کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ استعفے دینے والوں میں 45 انجینئر اور 65 ٹیکنیشنز شامل ہیں، ان تمام ملازمین کا تعلق پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ سے ہے۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے میں تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے اور دیگر ایئرلائنز میں ملازمت کے بہتر مواقع ملنے کی وجہ سے ملازمین ادارے کو چھوڑ کر جارہے ہیں۔ 110 ملازمین کے استعفوں سے قومی ایئرلائن میں ائیرکرافٹ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کی شدید قلت ہوگئی اور طیاروں کی مینٹیننس اور مرمت کے کاموں پر پی آئی اے ایئرکرافٹ انجینئرز اور ٹیکشنینز پر کام کا دباؤ دوگنا ہوگیا ہے۔ پی آئی اے نے ائیرکرافٹ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کے استعفوں کی تصدیق کردی ہے، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ انجینئرز اور ٹیکنیشنز کی یہ تعداد گزشتہ دو سال کے دوران چھوڑ کر گئی ہے جس کی وجہ بیرون ملک ہوابازی کی صنعت میں تجربہ کار افراد کی مانگ میں ہونے والا اضافہ ہے۔ ترجمان کے مطابق مہنگائی کی مناسبت سے گزشتہ کئی سالوں سے تنخواہ میں اضافہ نہ ہونے کا انتظامیہ کو ادراک ہے اور تنخواہوں میں اضافیکیلئے انتظامیہ حکومت اور بورڈ سے منظوری کیلئے کوشاں ہے۔