ٹی20ورلڈکپ: زمبابوے نے سری لنکا کو ہرادیا‘ویسٹ انڈیزاٹلی سے جیت گیا

سری لنکا نے 178رنز بنائے‘زمبابوے نے آخری اوور میں ہدف حاصل کیا
کولمبو‘کولکتہ(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں زمبابوے نے سری لنکا کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔کولمبو  میں کھیلے گئے گروپ بی کے مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 178 رنز بنائے۔پاتھن نسنکا 62 اور راتھ نائکے 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جواب میں زمبابوے نے سری لنکا کا 179 رنز کا ہدف با آسانی آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔زمبابوے کی جانب سے برائن بیننٹ 63 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ا س کے علاوہ مارومانی 34، ریان برل 23، کپتان سکندر رضا نے 45رنز بنائے‘دریں اثناء ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سینتیسویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے اٹلی کو 42 رنز سے شکست دے دی۔کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے میچ میں اٹلی کی ٹیم 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 123 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔اٹلی کی جانب سے بین مانینتی 26 اور جے جے اسمٹس 24 رنز بناکر نمایاں رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمار جوزف نے 4، میتھیو فورڈ نے 3، گوداکیش موتی نے 2 جبکہ عقیل حسین نے ایک وکٹ حاصل کی۔شمار جوزف نے 4 کیچز بھی پکڑے، اس طرح وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 4 وکٹیں حاصل کرنے اور 4 کیچز پکڑنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔اس سے قبل اٹلی نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے تھے۔