رمضان المبارک میں سکیورٹی کیلئے 83ہزار اہلکار،رضاکار تعینات

لاہور میں مساجد،امام بارگاہوں،مارکیٹوں کی سکیورٹی کیلئے 18ہزار اہلکار وں کی ڈیوٹی
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر یکم رمضان المبارک کے موقع پر صوبہ بھر میں پنجاب پولیس نے جامع اور سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 32 ہزار سے زائد مساجد، 2 ہزار سے زائد امام بارگاہوں اور 500 سے زائد اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ سکیورٹی انتظامات کے تحت مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات پر 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار تعینات کیے گئیہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مساجد، امام بارگاہوں اور مارکیٹوں کی سکیورٹی کے لیے 18 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ حساس مساجد اور امام بارگاہوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ مذہبی و اہم مقامات کے اطراف سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری ہیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ پولیس ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھے اور مساجد، امام بارگاہوں سمیت تمام اہم مقامات کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے۔ انہوں نے علما کرام اور مشائخ عظام سے اپیل کی کہ وہ ممبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کا پیغام دیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں ڈولفن اسکواڈ، پیرو، اور ایلیٹ ٹیمیں عبادت گاہوں کے گرد مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں جبکہ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائیانہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ خود سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں اور مساجد کے منتظمین اور امن کمیٹیوں کے ارکان سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ مزید برآں، بازاروں اور مارکیٹوں میں خواتین کو ہراسگی سے محفوظ رکھنے کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کے پرامن انعقاد اور شرپسند عناصر کی بروقت سرکوبی یقینی بنائے گی۔