حکومتِ سماجی اور معاشی بہبود کے فروغ کیلئے پُرعزم ہے:صدر زرداری

 بلا امتیاز خوراک، رہائش، لباس، تعلیم ‘ طبی امداد جیسی بنیادی ضروریات تک رسائی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہیں: عالمی یومِ سماجی انصاف پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان سماجی اور معاشی بہبود کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور بلا امتیاز خوراک، رہائش، لباس، تعلیم اور طبی امداد جیسی بنیادی ضروریات تک رسائی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔عالمی یومِ سماجی انصاف کے موقع پرقوم کے نام پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ  ہم آئینِ پاکستان میں درج انصاف، مساوات اور انسانی وقار کے اصولوں سے متعلق اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 3، 37 اور 38 ریاست کو پابند کرتے ہیں کہ استحصال کا خاتمہ کرے، برابری کو یقینی بنائے اور بالخصوص کمزور طبقات، تمام شہریوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دے۔حکومتِ پاکستان سماجی اور معاشی بہبود کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور بلا امتیاز خوراک، رہائش، لباس، تعلیم اور طبی امداد جیسی بنیادی ضروریات تک رسائی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مالیاتی دباؤ کے باوجود بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ جو قیام کے وقت 34 ارب روپے تھا، بڑھ کر موجودہ مالی سال میں 716 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جس سے ملک بھر میں ایک کروڑ گھرانوں کی معاونت ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان بیت المال، پاکستان پاورٹی الیوی ایشن فنڈ، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن اور وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے بھی اضافی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔