برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر اور جرمن چانسلر اولاف شولز نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔
کیئر اسٹارمر نے صدر زیلنسکی کو یوکرین کا جمہوری طور پر منتخب رہنما قرار دیتے ہوئے جنگ کے دوران انتخابات کے التوا کو جائز قرار دیا، جیسا کہ برطانیہ نے دوسری عالمی جنگ کے دوران کیا تھا۔جرمن چانسلر اولاف شولز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے زیلنسکی کو "ڈکٹیٹر" کہنے پر تنقید کی اور اسے خطرناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین پر حملہ ہوا ہے اور ہم بلا معاوضہ اس کی حمایت کر رہے ہیں، یہ سب کا موقف ہونا چاہیے۔اس سے قبل، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زیلنسکی کو "ڈکٹیٹر" قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کی تھی اور انہیں جلد از جلد امن قائم کرنے کی تاکید کی تھی۔یاد رہے کہ صدر زیلنسکی کی صدارتی مدت مئی 2024 میں ختم ہو چکی ہے، لیکن جنگی حالات کے باعث انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔