گلشن حدید کالونی کے 176پلاٹس پر تجاوزات قائم کی گئیں،پی اے سی نے معاملہ نیب کو بھجوا دیا
اسلام آباد (آ ئی این پی )پبلک اکائونٹس کمیٹی میں سٹیل ملز کی 75کروڑ روپے مالیت کی اراضی پر قبضے کا انکشاف ہوا ہے۔آڈٹ حکام کے مطابق گلشن حدید کالونی کے 176پلاٹس پر تجاوزات قائم کی گئیں۔ سٹیل ملز انتظامیہ غفلت اور نااہلی کے باعث زمین کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی۔ 54ایکڑ اراضی بلڈرز اور 4دیگر افراد کو 30سالہ لیز پر دی گئی۔ بعد میں 4افراد نے سٹیل ملز کی 35ایکڑ اراضی پر قبضہ کرلیا۔ ان میں بریگیڈئیر سعید اللہ، کرنل ریٹائرڈ سہیل ملک شامل ہیں۔ شہزاد علی اور منظور حسین بھی قبضہ کرنے والوں میں شامل ہیں۔آڈٹ حکام کے مطابق ان افراد کو 200 پلاٹ بھی الاٹ کیے جا چکے ہیں۔ پلاٹ سٹیل ملز ہائوسنگ سکیم گلشن حدید فیز تھری کو الاٹ کیے گئے۔ سٹیل ملز کی اراضی انجینئرنگ یونی ورسٹیز کے قیام کے لیے ایچ ای سی کو بھی دی گئی۔ بعد میں یہ منصوبہ ترک کردیا گیا لیکن زمین پر قبضے کا سلسلہ جاری رہا۔پی اے سی نے معاملہ تحقیقات کیلئے نیب کو بھجوا دیا۔