منشیات ڈیلروں اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تاحال جاری ہیں: ترجمان
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی ڈی پنجاب نے منشیات فروشوں کے خلاف صوبے بھر میں تاریخ کا سب سے کامیاب اور مئوثر آپریشن مکمل کر لیا ہے ترجمان سی سی ڈی کے مطابق مختصر ترین وقت میں پنجاب سے منشیات فروشی کے مکروہ دھندے کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے بڑے منشیات ڈیلروں اور ان کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور کسی بھی منشیات فروش کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ سی سی ڈی نے آن لائن منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف بھی مئوثر کریک ڈائون کا آغاز کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جا چکا ہے۔ اس وقت پنجاب کے کسی بھی شہر میں منشیات فروشی کی کوئی سرگرمی موجود نہیں اور سی سی ڈی کا یہ آپریشن انتہائی کامیاب ثابت ہوا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر آن لائن منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔ترجمان سی سی ڈی نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔