وفاقی وزیر تجارت کی چمن کے تاجروں سے ملاقات، پاک افغان سرحدی تجارت کے مسائل پر مشاورت
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے چمن کے تاجروں اور عوام کے مسائل حکومت کی ترجیح ہیں اور ان کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ پاک افغان سرحد کو کھولنے یا بند کرنے کا فیصلہ اجتماعی حکومتی پالیسی کے تحت کیا جاتا ہے، جس میں سیکیورٹی اور قومی مفادات کو مدِنظر رکھا جاتا ہے۔ چمن کے تاجروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے پاک افغان سرحدی تجارت کی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی، جس میں چمن بارڈر کی بار بار بندش سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات، برآمدات میں کمی اور روزگار کے متاثر ہونے جیسے اہم مسائل زیرِ بحث آئے۔ملاقات کے دوران تاجروں نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ پاک افغان سرحد کی مسلسل بندش سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں بلکہ مقامی آبادی کو بھی روزگار اور آمدن کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔