چپس کی ایجاد کی دلچسپ داستان جانتے ہیں؟

لاہور(نیٹ نیوز)چپس بیشتر افراد بہت زیادہ شوق سے کھاتے ہیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ ان کی ایجاد کیسے ہوئی؟اس کے لیے آپ کو ایک ناراض صارف کا شکر گزار ہونا چاہیے۔جی ہاں واقعی 1853 میں ایک شخص کیرولیس وینڈربلٹ نے نیویارک کے ایک ریسٹورینٹ میں تلے ہوئے آلوؤں کا آرڈر دیا۔یہ تلے ہوئے آلو اس عہد کے مقبول شیف جارج کرم (انہیں امریکی کا اولین معروف شیف بھی قرار دیا جاتا ہے) نے تیار کیے تھے۔وہ کیرولیس وینڈر بلٹ کی تنقید پر بہت زیادہ جھنجھلا گئے اور انہوں نے آلوؤں کو بہت زیادہ پتلا کاٹ کر اتنا تلا کہ وہ کرکرے ہوگئے جبکہ ان پر بہت زیادہ نمک بھی چھڑک دیا۔ان کا مقصد تو یہ تھا کہ کیرولیس وینڈر بلٹ کو یہ پکوان پسند نہ آئے مگر حیران کن طور پر صارف کو وہ بہت زیادہ پسند آیا۔ایسا بھی کہا جاتا ہے کہ شیف جارج کی بہن کیٹ نے بھی چپس کی ایجاد میں کردار ادا کیا۔بعد ازاں شیف جارج نے اپنا ریسٹورینٹ کھول لیا اور ان کے آلوؤں کے کرکرے چپس وہاں کا خاص پکوان قرار پائے۔اب دنیا بھر میں مختلف کمپنیاں یہ چپس تیار کرکے فروخت کرتی ہیں اور لوگ انہیں بہت شوق سے کھاتے ہیں۔