دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کھلی کچہری کے دوران حملے کا شکار

دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کھلی کچہری کے دوران حملے کا شکار

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر کھلی کچہری کے دوران ایک شخص نے اچانک حملہ کردیا۔

 یہ واقعہ آج صبح اُس وقت پیش آیا جب وزیراعلیٰ اپنی رہائش گاہ پر عوامی شکایات سن رہی تھیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آور کی شناخت راجیش سکاریا کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست گجرات کا رہائشی بتایا جارہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ کچھ کاغذات کے ساتھ وزیراعلیٰ کے قریب آیا اور بات چیت کے دوران اچانک حملہ آور ہوگیا۔سکیورٹی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو قابو میں کرلیا اور تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز ان کا طبی معائنہ کر رہے ہیں۔پولیس کمشنر ایس بی کے سنگھ نے اس واقعے کو ایک بڑی سکیورٹی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں گی تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہوسکے۔

دوسری جانب بی جے پی کے سینئر رہنما ہریش کھرانہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ آیا اس کے پیچھے کسی قسم کی سیاسی سازش تو نہیں۔بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے بھی وزیراعلیٰ پر ہونے والے اس حملے کی شدید مذمت کی اور سکیورٹی صورتحال پر سوالات اٹھائے ہیں۔