بھارت کے دارالحکومت دہلی کے انتہائی سیکیورٹی والے علاقے ڈپلومیٹک انکلیو میں ایک افسوسناک اور چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں کانگریس کی خاتون رکن اسمبلی سدھا رام کرشنن سے مارننگ واک کے دوران اسکوٹی سوار نے سونے کی چین چھین لی۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح تقریباً 6 بجے پولینڈ ایمبیسی کے قریب پیش آیا۔ سدھا رام کرشنن معمول کے مطابق واک کر رہی تھیں کہ ایک ہیلمٹ پہنے اسکوٹی سوار آہستہ آہستہ ان کے قریب آیا اور موقع ملتے ہی ان کے گلے سے سونے کی چین زور سے کھینچ لی، جس کے نتیجے میں ان کی گردن پر چوٹ بھی آئی۔واقعے کے بعد رکن اسمبلی نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر شکایت درج کرائی اور اسے خواتین کی سیکیورٹی کے لیے ایک خطرناک پیغام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا:"اگر دہلی کے ہائی سیکیورٹی زون میں بھی خواتین محفوظ نہیں، تو ملک کے باقی علاقوں کی صورتحال کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔"مقامی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔