بے سُری گائیکی سے مشہور ہونے والے سوشل میڈیا اسٹار چاہت فتح علی خان نے انڈے مارنے والے واقعے پر وضاحت دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملہ ایونٹ کروانے والی انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا۔
چاہت فتح علی خان نے ایک حالیہ ویڈیو میں بتایا کہ کیفے کی افتتاحی تقریب میں انہیں پرفارمنس کے لیے بلایا گیا۔ بعد ازاں کیفے انتظامیہ نے کہا کہ وہ کیفے کے باہر ملازمین کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ جب وہ باہر گئے تو کیفے کے گارڈ نے ان کی ویڈیو بنائی اور اچانک دو افراد آئے اور ان پر انڈے پھینک کر فرار ہو گئے۔چاہت کے مطابق یہ منظر گارڈ نے ریکارڈ کر لیا، اور بعد میں یہ ویڈیو کیفے کی جانب سے ان کے سوشل میڈیا پیج پر اپ لوڈ کر دی گئی جو وائرل ہوئی، تاہم بعد میں ڈیلیٹ کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے اس ویڈیو کے اصل ریکارڈ کے لیے انتظامیہ سے رابطہ کیا تو انکار کیا گیا، لیکن بعد میں وہی انتظامیہ ویڈیو کو وائرل کر گئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ایونٹ انتظامیہ خود اس واقعے میں ملوث ہے۔چاہت فتح علی خان نے مزید کہا کہ ان کے پاس اس واقعے سے متعلق دیگر ثبوت بھی موجود ہیں جو وہ پولیس کو فراہم کریں گے اور ایونٹ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔