سری لنکاکے دوسری اننگزمیں3 وکٹوں پر74رنز‘پاکستان فتح کے قریب پہنچ گیا

مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے  153 رنز درکار، پاکستان نے پہلی اننگز میں 325 رنز بنا کر 227 رنز کی برتری حاصل کی
پاکستان کی طرف سے ثاقب خان، رضا اللہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی
راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم تاریخی فتح کے قریب پہنچ گئی ہے۔ دوسرے روز کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنا لیے ہیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 153 رنز درکار ہیں، جبکہ پاکستان کو کامیابی کے لیے صرف 7 وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا کی جانب سے دھاناجیا ڈی سلوا 24 رنز اور پسندو سوریا بندارا 18 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔ مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کو پاکستان کے باؤلرز نے مسلسل دباؤ میں رکھا اور 22 اوورز کے کھیل میں تین اہم کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔سری لنکا کی جانب سے کمنڈو مینڈس 16، لاہیرو اودارا 7 اور ڈینش چندی مل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی طرف سے ثاقب خان، رضا اللہ اور عامر جمال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 325 رنز اسکور کیے اور سری لنکا کے خلاف 227 رنز کی بھاری برتری حاصل کی۔ قومی ٹیم کی جانب سے غازی غوری 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ اذان اویس نے 47 اور محمد طیب عارف نے 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔رضا اللہ نے 42، ثاقب خان نے 37، سعود شکیل نے 24 اور سلمان علی آغا نے 21 رنز بنائے۔ عامر جمال 12، بابر اعظم 8 اور محمد طحہ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد عباس 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔