سموگ سردی میں نمونیا پھیلنے کا خدشہ

لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی ، اسلام آباد میں زیادہ خطرہ:ایڈوائزری جاری،آلودہ ترین شہروں میں لاہورکادوسرا نمبر 
 اسلام آباد،لاہور(بیورو رپورٹ،کرائم رپورٹر )قومی ادارہ صحت نے سموگ سے بچائو اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرد موسم میں سموگ رواں ماہ سے فروری تک انسانی صحت کو شدید متاثر کرسکتی ہے،فضا میں زہریلے مادے اور سردی مل کر نمونیا کی بیماری پھیلا نے کا سبب بنے گی،بچوں، عمر رسیدہ افراداور مریضوں کو زیادہ خطرہ ہے، لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں سموگ کے زیادہ خطرات ہیں۔ دوسری طرف لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی برقرار ہے۔ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں صوبائی دارالحکومت لاہورپھر دوسرے نمبر پر ہے، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 324 ریکارڈ کیاگیا جبکہ پنجاب میں فیصل آباد کی فضا سب سیزیادہ آلودہ رہی جہاں اے کیو آئی 400 کو چھو گیا، گوجرانوالہ میں 300 اور ملتان میں اے کیو آئی 265 ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین صحت نے شہریوں کو ماسک استعمال کرنے، غیر ضروری باہر آنے جانے سے گریز کی ہدایت کردی۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ24گھنٹوں کیدوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے ،گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور پہاڑی علاقوں میں سرد رہا تاہم پنجاب کے چند اضلاع میں ہلکی دھندچھائی رہی۔