ایران کی اسٹاک مارکیٹ 80 روز بعد دوبارہ کھل گئی

ایران کی اسٹاک مارکیٹ 80 روز بعد دوبارہ کھل گئی

ایران میں 80 دن کی بندش کے بعد تہران اسٹاک ایکسچینج (Tehran Stock Exchange) آج باضابطہ طور پر دوبارہ کھول دی گئی ہے، جس کے بعد ملک میں سرمایہ کاری کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی اسٹاک مارکیٹ کو امریکا اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث گزشتہ 80 روز سے بند رکھا گیا تھا تاکہ غیر یقینی صورتحال میں سرمایہ کاروں کو بڑے نقصانات سے بچایا جا سکے۔تہران اسٹاک ایکسچینج مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کاروبار کے لیے کھولی گئی، جس کے بعد مارکیٹ میں ابتدائی ٹریڈنگ کا آغاز ہوا۔ حکام کے مطابق مکمل مالیاتی سیکٹرز کی بحالی مرحلہ وار طریقے سے کی جائے گی۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کی بندش کا مقصد سرمایہ کاروں کے اثاثوں کا تحفظ، گھبراہٹ پر مبنی ٹریڈنگ کو روکنا اور قیمتوں کے نظام کو مستحکم کرنا تھا۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔تجزیہ کاروں کے مطابق اسٹاک مارکیٹ کی دوبارہ بحالی ایران کی معیشت کے لیے ایک اہم قدم ہے، تاہم عالمی کشیدگی کے باعث مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار رہ سکتا ہے۔