فیکٹری بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

حادثہ بھچوکی پھاٹک کے قریب ہوا، 22سالہ سانول موقع پر ہی دم توڑ گیا
قصور، تلونڈی(خصوصی رپورٹ) 2حادثات میں ایک شخص جاں بحق، ایک شدید زخمی ہوگیا۔ قصور رائیونڈ روڈ پر تیز رفتار فیکٹری بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ بھچوکی پھاٹک کے قریب حادثے کی اطلاع پر قریبی ریسکیو سٹیشن سے فوری طور پر امدادی گاڑی روانہ کی گئی۔ریسکیو اہلکار جب موقع پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ ایک تیز رفتار فیکٹری بس نے اوور سپیڈ کے باعث موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی اور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگئی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔جس کی شناخت بھچوکی گائوں کے رہائشی 22 سالہ سانول ولد رفیق کے نام سے ہوئی ہے۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ ادھر الہ آباد کے نواحی علاقے تلونڈی میں تیز رفتاری ایک بار پھر حادثے کا سبب بن گئی، جہاں موٹر سائیکل سوار شخص بے قابو ہو کر مزدا ٹرک سے جا ٹکرایا۔ خوفناک تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔