گھرسے ڈیرے پربلاکر تشدد،نوجوان جاں بحق

علی پورچٹھہ(خصوصی رپورٹ) علی پورچٹھہ کے نواحی علاقے حضرت کیلیانوالہ میں نوجوان کو گھر سے بلاکر بہیمانہ تشددکیا،مضروب ہسپتال لیجاتے ہوئے راستہ میں ہی دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق علی پور چٹھہ کے نواحی گائوں حضرت کیلیانوالہ کے رہا ٓ ئشی 28سالہ سید شاہد شاہ عرف چنگیاڑہ گھر پر صبح سو رہا تھا کہ اسی گائوں کا ذیشان چٹھہ اسے بلا کر عبدالرحمن عرف گوگی کے ڈیرے پر لے گیا جہاں پر اسد چٹھہ اور عصمت اللہ چٹھہ موجود تھے کہ وہاں پر گالم گلوچ کے بعد باندھ کر ڈنڈوں، سوٹوں اور لوہے کے آہنی راڈوں کے پے در پے وار کر کے اسے بری طرح زخمی کر دیا گیا۔ دریں اثنا مضروب کو نیم مردہ حالت میں گھر کے سامنے پھینک کر فرار ہو گئے۔ مقتول کو زخمی حالت میں فوری طور پر آر ایچ سی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انتہائی تشویشناک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج منتقل کیا جا رہا تھاکہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس تھانہ علی پور چٹھہ نے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ۔مقتول کے لواحقین نے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔