محکمہ اوقاف پنجاب نے لاہور میں چار اہم ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی ہے، جن کا مقصد مذہبی مقامات کی بحالی اور فلاحی سہولیات میں بہتری لانا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ منصوبے درج ذیل اہم مقامات اور اقدامات پر مرکوز ہیں:
دربار حضرت میاں میر اور اس سے ملحقہ مسجد کی بحالی۔
داتا دربار ہسپتال کی مرمت اور جدید طبی آلات کی خریداری، جس میں آنکھوں، سرجیکل، گائنی اور میڈیکل وارڈز کے لیے نیا سامان فراہم کیا جائے گا۔
ایشان شاہ دربار ریلوے سٹیشن کی تعمیر و مرمت۔
زائرین کی سہولت کے لیے بادشاہی مسجد، داتا دربار، حضرت میاں میرؒ اور بی بی پاکدامن پر کافی ٹیبلز اور بکس فراہم کرنا۔
یہ اقدامات حالیہ حکومتی پالیسی کے تحت کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد مذہبی سیاحت کو فروغ دینا اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ علاوہ ازیں، صوبہ بھر میں اوقاف کے زیر انتظام مقامات کی بہتری کے لیے مزید منصوبوں پر بھی غور جاری ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں محکمہ اوقاف نے داتا دربار لاہور میں زیرِ زمین پارکنگ بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق یہ اقدام تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کے دوران کیا گیا، اور پارکنگ کی عمارت کو توڑنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ داتا دربار کی پارکنگ کا انتظام لاہور پارکنگ کمپنی کے سپرد ہے، اور پارکنگ بند کرنے کا فیصلہ لاہور پارکنگ کمپنی اور داتا دربار انتظامیہ کے مشاورت سے کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ پارکنگ کئی سال بعد نگران حکومت کے دوران دوبارہ کھولی گئی تھی، تاہم اب کمپلیکس کی توسیع اور دیگر تعمیراتی کاموں کے باعث اسے بند کیا جا رہا ہے۔