لاہور(کرائم رپورٹر)دفترڈی آئی جی آپریشنز میں عوامی سہولت اور بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقادعمل میں لایا جارہا ہے۔کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے لین دین معاملات، فراڈ، جھگڑوں اور دیگر مسائل درخواستیں موصول ہوئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہریوں کی شکایات پر سخت ایکشن لیتے ہوئے افسران کو براہ راست کالزکر کے فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے پولیس ملازمین کے خلاف شکایات پر ایس ڈی پی اوز گجر پورہ، شاہدرہ، شفیق آباد کو انکوائری مارک کرتے ہوئے قصوروار ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ فیصل کامران نے شہری کی درخواست بروقت نہ سننے پر ایس ایچ او شاہدرہ کی سرزنش کرتے ہوئے دفتر طلب کر کے شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ انہوں نے اوور سیز پاکستانی کی چیک ڈس آنر کی درخواست پر ایس ایچ او جوہر ٹاؤن کو فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔ اسی طرح لین دین کے معاملات پر ایس ڈی پی او گلشن راوی،ایس ایچ اوز شفیق آباد، لیاقت آباداور چوہنگ کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنزنے گھریلو تشدد کی شکایات پر ایس پی کینٹ، ڈی ایس پی گجر پورہ اور ایس ایچ او نوانکوٹ کو قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ فیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا پولیس کا فرض ہے۔ ہر شہری تک انصاف کی فراہمی یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ انصاف کی راہ میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محکمہ کیلئے بدنامی کا سبب بننے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں،سخت محکمانہ و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کھلی کچہری میں آنے والے شہریوں نے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔