ڈی آئی جی کی ایس ایچ او شاہدرہ کو فوری قانونی کارروائی کا حکم

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے شہریوں کی شکایات فوری حل کے لیے ایک ہی دن میں دو مقامات پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ پہلی کچہری ان کے دفتر جبکہ دوسری جامع مسجد این ایف سی سوسائٹی میں منعقد ہوئی، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ایس پی صدر، متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز بھی کھلی کچہری میں موجود تھے۔ شہریوں نے جائیداد، لین دین، گھریلو جھگڑوں اور دیگر معاملات پر شکایات پیش کیں، جن پر ڈی آئی جی آپریشنز نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ایک بزرگ خاتون نے شکایت کی کہ ان کا بیٹا جائیداد کے لیے ان پر تشدد کرتا ہے، جس پر ڈی آئی جی آپریشنزنے ایس ایچ او شاہدرہ کو فوری قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔ اسی طرح لڑائی جھگڑوں، دھمکیوں اور لین دین سے متعلق درخواستوں پر ایس ایچ اوز اکبری، گڑھی شاہو، گجر پورہ، نشتر کالونی، فیکٹری ایریا، نواب ٹاون اور چوہنگ کو کارروائی کے احکامات دیے گئے۔جائیداد کے تنازعات کی انکوائری کے لیے کیسز ایس پیز کینٹ، اقبال ٹاو?ن اور ایڈیشنل ایس پی چوہنگ کو مارک کیے گئے۔ فیصل کامران نے واضح ہدایات دیں کہ معاہدوں اور دیگر قانونی کاغذات کی مکمل جانچ کے بعد انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس شہریوں کی داد رسی کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لا رہی ہے، اور ہر شکایت کی فالو اَپ کے ساتھ بروقت، شفاف اور میرٹ پر کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ مقررہ مدت کے بعد شکایت کنندگان سے کارروائی پر فیڈبیک بھی حاصل کیا جاتا ہے۔فیصل کامران نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ پولیس کے کسی بھی فورم کے ذریعے اپنی شکایات درج کروائیں، کیونکہ انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔