سمارٹ ٹریفک نظام، ای چالاننگ اور انفورسمنٹ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ
لاہور (کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی سے جماعت اسلامی لاہور کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں شہر کے ٹریفک مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد کی قیادت امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کی جبکہ صدر پبلک ایڈ کمیٹی قیصر شریف اور سیکرٹری پبلک ایڈ کمیٹی شاہد نوید ملک بھی ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران سی ٹی او لاہور نے وفد کو روڈ انفراسٹرکچر، اسمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم، راستہ ایپ، ای چالاننگ، لائسنسنگ اور مانیٹرنگ سمیت مختلف شعبوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 81 لاکھ سے زائد گاڑیوں کی روانی برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہے اور ٹریفک قوانین پر سخت عمل در آمد کے باعث حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وفد نے شہری مسائل اور بعض ٹریفک وارڈنز کے رویوں کی نشاندہی بھی کی جبکہ رہنما ئوں نے کہا کہ ذمہ داری اور قانون پسندی کے بغیر ٹریفک مسائل کا حل ممکن نہیں۔ ملاقات کے اختتام پر وفد نے لاہور ٹریفک پولیس کی کارکردگی اور اقدامات کو سراہا۔