مون سون الرٹ: شہری خطرناک عمارتیں فوری خالی کریں، حکومت سندھ کی ہدایت

مون سون الرٹ: شہری خطرناک عمارتیں فوری خالی کریں، حکومت سندھ کی ہدایت

سندھ حکومت نے مون سون بارشوں کے پیش نظر ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خطرناک عمارتیں فوری طور پر خالی کریں اور متعلقہ حکام کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ کسی بھی انسانی المیے سے بچا جا سکے۔

 بلدیاتی اداروں کی چھٹیاں منسوخ، عملہ 24 گھنٹے متحرک
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ مون سون سیزن کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے:تمام بلدیاتی اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔عملے کی 24 گھنٹے حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی چیئرمینوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بارش کے پانی کے فوری نکاس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔
 نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس تیار
انہوں نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ کسی بھی مقام پر پانی جمع نہ ہونے پائے۔ تمام مشینری اور اہلکاروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

 اولڈ سٹی ایریا میں 59 خطرناک عمارتیں، 10 کو قومی ورثہ قرار دیا گیا
شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں 59 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی ہو چکی ہے، جن میں سے 10 عمارتیں قومی ورثہ قرار دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) کی تکنیکی کمیٹی مسلسل شہر بھر میں سروے کر رہی ہے تاکہ ایسی تمام عمارتوں کی نشاندہی کی جا سکے جو شہریوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

 41 عمارتیں خالی کرا کے سیل کر دی گئیں
وزیر بلدیات نے مزید بتایا کہ اب تک 41 انتہائی خطرناک عمارتوں کو خالی کروا کر سیل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی جانی نقصان کا خطرہ کم کیا جا سکے۔

 رین ایمرجنسی سینٹر قائم، 24 گھنٹے فعال
شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں ایک رین ایمرجنسی سینٹر قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردِعمل دے گا۔

 عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت
سینئر وزیر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں، خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں سے فوری طور پر نکل آئیں اور کسی بھی مشتبہ صورتحال کی اطلاع متعلقہ حکام کو فوری دیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مون سون کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔