وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی کے اقدامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انہوں نے مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے، تاکہ عوام کی عبادات محفوظ اور پرامن طریقے سے انجام دی جا سکیں۔اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ نے بازاروں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر اضافی پولیس اہلکار تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور سرچ لائٹس کی تنصیب کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ سکیورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
حساس مقامات پر نمازِ جمعہ اور تراویح کے اجتماعات کے دوران، تین لیئرز سکیورٹی پلان، بیریئرز اور خاردار تاروں کا استعمال کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ مزید برآں، عبادت گاہوں کے گردونواح میں پولیس کی گشت، سنیپ چیکنگ اور سرچ آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔