رمضان میں یکجہتی کا مظاہرہ کریں:صدر ‘ باہمی ایثار کا سبق ملتا ہے:وزیراعظم

 زندگیوں میں سچائی، دیانت داری، عدل و انصاف اور خدمتِ خلق کو فروغ دیں:آصف زرداری‘رمضان روحانی پاکیزگی کی تجدید کا مہینہ ہے:شہباز شریف
اسلام آباد(آن لائن)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے  ہم رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنی عملی زندگیوں میں سچائی، دیانت داری، عدل و انصاف اور خدمتِ خلق کو فروغ دیں، اور ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے یکجہتی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔رمضان المبارک کے آغاز پر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک پوری امتِ مسلمہ کے لیے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا عظیم مہینہ ہے۔ میں اس بابرکت مہینے کی آمد پر پوری پاکستانی قوم کو  مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ رمضان المبارک ہمیں تقویٰ، صبر، ایثار اور اللہ تعالیٰ سے قربت کا درس دیتا ہے اور ہماری انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں اصلاح کا بہترین موقع فراہم کرتا ہیوزیراعظم شہباز شریف نے رمضان کی آمد پر امتِ مسلمہ کو مبارکباد دی ہے اور کہا کہ رمضان عبادت، تقویٰ اور روحانی پاکیزگی کی تجدید کا مہینہ ہے۔ ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ حقیقی عبادت کردار کی اصلاح اور باہمی ایثار کا سبق دیتی ہے۔ روزہ صبر، نظم اور ذمہ داری کی عملی تربیت ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ رمضان کمزور طبقات کے احساس اور معاشرتی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتا ہے، حکومت کا رمضان پیکیج مستحقین کی مدد کے لیے شروع کر دیا گیا ہے۔