اجلاس کا مقصد غزہ میں پائیدار امن، جنگ زدہ علاقے کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کیلئے مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے‘ شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا امکان ہے
واشنگٹن (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف لندن سے واشنگٹن پہنچ گئے جہاں وہ آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی دعوت پر غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ اجلاس میں جس میں عالمی رہنماؤں، سربراہانِ حکومت اور اعلیٰ حکومتی شخصیات شریک ہوں گی۔غزہ امن بورڈ، جس کی صدارت امریکی حکومت کے زیرِ اہتمام کی جارہی ہے، کا مقصد غزہ میں پائیدار امن، جنگ زدہ علاقے کی بحالی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے مذاکرات کو آگے بڑھانا ہے۔ اجلاس میں شرکت پاکستان کی طرف سے امن اور انسانی بنیادوں پر تعاون کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں علاقائی سلامتی، انسانی امداد، اور مشترکہ مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ دورہ عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی کردار کو مضبوط بنانے اور غزہ میں امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔