سمارٹ تھانہ کا رواں ماہ مکمل کرنے کا حکم

انسپکٹر جنرل پولیس نے اچانک زیرتکمیل سمارٹ پولیس سٹیشن اسلام پورہ کا دورہ کیا ، مختلف حصے دیکھے اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے اچانک زیرتکمیل سمارٹ پولیس اسٹیشن اسلام پورہ کا دورہ کیا۔ سمارٹ پولیس سٹیشن اسلام پورہ کے مختلف حصے دیکھے اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے فرنٹ ڈیسک، انتظار گاہ، ایس ایچ او و انوسٹی گیشن رومز، حوالات اور مال خانہ سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔آئی جی پنجاب نے متعلقہ افسران کو سمارٹ پولیس سٹیشن کا تعمیراتی کام اسی ماہ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب کے گنجان آباد علاقوں میں سمارٹ پولیس سٹیشنز جدت اور سہولیات سے ہم آہنگ ہیں اورسمارٹ پولیس سٹیشن کی تعمیر میں سکیورٹی کو خاص طور پر ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔لاہور میں 22، صوبہ بھر میں 39 سمارٹ پولیس سٹیشنز تیزی سے تکمیل کی آخری مراحل میں ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام سمارٹ پولیس سٹیشنز سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکول اور ایس او پیز پر فنکشنل ہونگے۔ سمارٹ پولیس سٹیشنز گنجان آباد علاقوں میں 01 سے 02 کنال اراضی پر تعمیر کئے جا رہے ہیں۔