مشال ملک کا انکشاف: "میری والدہ کو زہر دیا گیا"

مشال ملک کا انکشاف:

لاہور: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ کو حال ہی میں زہر دیا گیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشال ملک نے کہا کہ وہ پاکستان اور کشمیر کی بیٹی ہیں اور انہیں مسلسل پیغامات ملتے ہیں کہ سب ان کے ساتھ ہیں، لیکن انہیں محض بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات درکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ہے، اور جب بھی وہ یہاں آتی ہیں تو انہیں حوصلہ اور ہمت ملتی ہے۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ کشمیر کی پوری تحریک کو لیڈر لیس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کیونکہ تمام رہنما جیلوں میں قید ہیں۔

مشال ملک کا مزید کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے ساتھ عدالتی دہشت گردی (جوڈیشل ٹیررازم) کی جا رہی ہے اور انہیں ہندوستان کی عدالتوں سے کبھی انصاف نہیں ملا۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہے ہیں اور بین الاقوامی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف اقدامات کرے۔