پشاور: بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے خلاف پارٹی میں منظم پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور وقت آنے پر وہ سب کچھ سامنے لائیں گی۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر مشال یوسفزئی نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے واضح ہدایات دی ہیں کہ پارٹی عہدہ رکھنا ہوگا یا کابینہ کا حصہ بننا ہوگا۔ ان کے مطابق، پارٹی میں ایک مخصوص لابی ان کے خلاف کام کر رہی ہے اور انہیں کابینہ سے ہٹانے کے لیے سازش کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورننس کے حوالے سے عمران خان نے سخت احکامات جاری کیے ہیں اور صوبائی کابینہ میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ کابینہ میں شامل اراکین کو پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
بشریٰ بی بی کے معاملے پر اہم انکشاف
مشال یوسفزئی نے کہا کہ وہ آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں کہ بشریٰ بی بی اپنی مرضی سے ڈی چوک سے نہیں آئیں۔ ان کے مطابق، بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ ہیں اور ان سے کوئی اختلافات ہو ہی نہیں سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی جس پر ہاتھ رکھیں گے، وہی لیڈر ہوگا۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بشریٰ بی بی کو عام قیدیوں جیسی سہولیات بھی میسر نہیں اور اب وہ صرف بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہی باہر نکلیں گی۔
عدالت سے مشال یوسفزئی کو حفاظتی ضمانت
پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس صلاح الدین نے مشال یوسفزئی کی مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی، جس کے بعد عدالت نے انہیں ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دے دی اور درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔