پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید کو غیر ملکی دورے سے وطن واپسی کے دوران مبینہ طور پر جہاز میں سگریٹ نوشی کرنے پر آف لوڈ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم ارجنٹینا سے وطن واپس آ رہی تھی کہ دورانِ واپسی جہاز برازیل میں ٹرانزٹ کے لیے رُکا۔ اسی دوران انجم سعید پر مبینہ طور پر جہاز میں سگریٹ نوشی کا الزام عائد کیا گیا، جس پر جہاز کے عملے نے شکایت درج کرائی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد سکیورٹی عملے نے انجم سعید کو جہاز سے آف لوڈ کر دیا۔ اس واقعے کے بعد منیجر انجم سعید اور ایک کھلاڑی کے علاوہ باقی تمام اسکواڈ وطن روانہ ہو گیا۔ذرائع کے مطابق ٹیم کے دیگر ارکان نے انجم سعید کے لیے سکیورٹی عملے سے منت سماجت بھی کی، تاہم سگریٹ نوشی کے حوالے سے سخت قوانین کے باعث سکیورٹی اہلکاروں نے کسی قسم کی نرمی نہ برتی۔
دوسری جانب انجم سعید نے اس واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ ان کا مؤقف ہے کہ وہ ایک کھلاڑی کے ساتھ واپسی پر دبئی میں کام کے سلسلے میں رُکے تھے، نہ کہ کسی سکیورٹی خلاف ورزی کے باعث۔واضح رہے کہ قومی ہاکی اسکواڈ دو روز قبل وطن واپس پہنچ چکا تھا، جبکہ انجم سعید اور مذکورہ کھلاڑی گزشتہ شب پاکستان واپس آئے۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے انجم سعید کو عارضی طور پر اپنی تحویل میں لیا اور جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ معاملہ بالآخر جرمانے کی ادائیگی پر نمٹا دیا گیا۔