نومبر احتجاج کیس: چار مزید ملزمان کو سزا

نومبر احتجاج کیس: چار مزید ملزمان کو سزا

اسلام آباد میں انسدادِ دہشتگردی عدالت نے نومبر احتجاج کے مقدمے میں مزید چار ملزمان کو سزا سنا دی۔ یہ سزا تھانہ انجرا ضلع اٹک کے مقدمہ نمبر 212 میں سنائی گئی۔

عدالت نے جاوید اقبال، خان محمد، سردار خان اور عامر خان کو چار چار ماہ قید کی سزا سنائی۔ اے ٹی سی جج امجد علی شاہ کے روبرو ملزمان نے اقبالِ جرم کیا، جس پر عدالت نے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا۔پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر پولیس اور ریاستی املاک پر حملہ کیا، جس سے امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی اور ریاستی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہوئی۔

ملزمان نے الزامات کا دفاع نہیں کیا بلکہ عدالت کے روبرو یہ اعتراف کیا کہ قیادت کے اکسانے پر وہ احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ میں شامل ہوئے تھے۔ ملزمان نے عدالت سے رحم کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ غریب ہیں اور ندامت کا اظہار بھی کیا۔عدالت نے ملزمان کے اقبالی بیان اور شواہد کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں چار چار ماہ قید کی سزا سنائی۔ جج نے یہ بھی حکم دیا کہ ملزمان کا عرصۂ حوالات سزا میں شامل کیا جائے۔