اُڑان پاکستان کے تحت اے آئی ٹیکاتھون کا باضابطہ آغاز

اُڑان پاکستان کے تحت اے آئی ٹیکاتھون کا باضابطہ آغاز

ویب ڈیسک: پاکستان نے ڈیجیٹل میدان میں ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ وزارتِ منصوبہ بندی کے فلیگ شپ پروگرام "اُڑان پاکستان" کے تحت "اُڑان اے آئی ٹیکاتھون" کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔

افتتاحی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے خصوصی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ ٹیکاتھون صرف ایک مقابلہ نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو پاکستان کی نوجوان نسل کو مصنوعی ذہانت جیسے جدید علوم میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مصنوعی ذہانت کے عالمی انقلاب میں محض تماشائی نہیں رہے گا بلکہ ابھرتا ہوا رہنما ثابت ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں اور پیشہ ور افراد کو متحرک کرنے، قومی استعداد کار میں اضافے اور پاکستان کو عالمی سطح پر نئی ٹیکنالوجیز کی دوڑ میں نمایاں کرنے کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

 ان کے مطابق مصنوعی ذہانت مستقبل نہیں بلکہ حال ہے جو صحت، تعلیم، زراعت، صنعت اور طرزِ حکمرانی سمیت ہر شعبے میں انقلاب برپا کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آج معیشتوں کو تشکیل دینے والے بڑے فیصلے ایوانوں میں نہیں بلکہ الگوردھمز کے ذریعے ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ٹیکاتھون کے لیے ایک خصوصی آن لائن پورٹل بنایا گیا ہے جو رجسٹریشن، معلومات، رابطے اور دیگر تمام انتظامات کے لیے مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔