فورس اور ان کے اہلخانہ کی صحت، اعلی تعلیم و دیگر ویلفیئر اقدامات میں کئی گنا اضافہ ہوا
لاہور(کرائم رپورٹر)37 ویں سینئر مینجمنٹ کورس میں شامل افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا۔نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اسلام آباد سے آئے وفد میں مختلف گورنمنٹ سروسز گروپس کے 18 افسران شامل تھے۔ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب طارق رستم چوہان نے وفد سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر اور اے آئی جی ٹریننگ حسن اقبال بھی موجود تھے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے وفد کو پنجاب پولیس کو درپیش چیلنجز، ورکنگ، اور سٹریٹیجک پالیسیوں بارے آگاہ کیا۔وفد کو لاء اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول، آپریشنز، انویسٹی گیشن، ٹریفک مینجمنٹ اور پبلک سروس ڈلیوری بارے آگاہی دی گئی۔انھو ں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو دہشت گردی، لا اینڈ آرڈر اور اربن پولیسنگ کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیرنے مزید بتایا کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، کرائم ریکارڈ اینڈ ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹمز اورآئی ٹی اصلاحات سے سروسز میں بہتری لائی گئی ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان نے کہا کہ پنجاب پولیس مقدمات کے فوری اندراج، سپیشلائزڈ تفتیش اور ٹیکنالوجی بیسڈ ٹریننگ پر عمل پیرا ہے۔طارق رستم چوہا ن نے کہا کہ پولیس خدمت مراکز، تحفظ اینڈ میثاق سنٹرز پاکستان بھر میں پبلک سروس کے منفرد پراجیکٹس ہیں۔فورس اور ان کے اہلخانہ کی صحت، اعلی تعلیم و دیگر ویلفیئر اقدامات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب نے پولیس ورکنگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور پیشہ ورانہ چیلنجز بارے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دئیے۔ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب اور وفد کے مابین سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔