بھارتی کرکٹر پرتھوی شا اور اداکارہ اکریتی اگروال نے شادی سے پہلے ہی راہیں جدا کرلیں

بھارتی کرکٹر پرتھوی شا اور اداکارہ اکریتی اگروال نے شادی سے پہلے ہی راہیں جدا کرلیں

بھارتی اداکارہ اکریتی اگروال اور کرکٹر پرتھوی شا نے منگنی کے تقریباً چھ ماہ بعد اپنی راہیں جدا کرنے کا اعلان کردیا۔

دونوں نے رواں سال 8 مارچ کو منگنی کی تھی اور اس موقع پر منگنی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔ تصاویر میں پرتھوی شا کو اکریتی اگروال کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔تاہم اب اکریتی اگروال نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک بیان میں پرتھوی شا کے ساتھ تعلق ختم ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ اداکارہ کے مطابق دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے۔اکریتی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس فیصلے کی بنیادی وجہ مستقبل کے اہداف، بدلتے ہوئے حالات اور موجودہ ذمہ داریوں میں اختلافات ہیں۔ ان کے مطابق دونوں کے درمیان ایک دوسرے کے لیے محبت اور احترام اب بھی موجود ہے، تاہم وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ ان کے راستے ایک ساتھ آگے نہیں بڑھ سکتے۔اداکارہ نے پرتھوی شا اور اپنے لیے مستقبل میں سکون، خوشی اور کامیابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ دونوں کی نجی زندگی کا احترام کریں اور علیحدگی کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔اکریتی اگروال نے لوگوں سے خاص طور پر درخواست کی کہ وہ رشتہ ختم ہونے کی وجوہات کے بارے میں مفروضے قائم نہ کریں، کیونکہ یہ دونوں کا ذاتی معاملہ ہے۔دوسری جانب پرتھوی شا کی جانب سے تاحال اکریتی اگروال کے بیان پر کوئی عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا۔واضح رہے کہ دونوں کی منگنی رواں سال مارچ میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر شیئر کی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز بنی تھیں، تاہم تقریباً چھ ماہ بعد دونوں نے اپنے راستے الگ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔