صوبہ آٹو موڈ پر،وزیر اعلیٰ دو روز سے اسلام آباد مقیم، بیوروکریسی میں غیر یقینی
سہیل آفریدی نے وزیراعظم کے اجلاس میں شرکت نہ کی،مزمل اسلم کو بھیج دیا
پشاور (خصوصی رپورٹ)وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی علی امین گنڈا پور کے نقشِ قدم پر چل پڑے ۔ انہوں نے وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق وہ گزشتہ دو روز سے اسلام آباد میں مقیم ہیں۔نومنتخب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی حلف اٹھانے کے اگلے روز ہی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اسلام آباد آگئے اور تاحال یہی موجود ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ کی عدم موجودگی اور کابینہ کی عدم تشکیل کے باعث متعدد اہم سرکاری امور تعطل کا شکار ہیں، جب کہ بیوروکریسی میں غیر یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ۔ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے سیلاب متاثرین کی آباد کاری اور افغان مہاجرین کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی۔ انہوں نے اپنی جگہ کراچی سے تعلق رکھنے والے سابق مشیرِ خزانہ مزمل اسلم کو اجلاس میں شرکت کے لیے نامزد کیا۔اجلاس میں افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جانے تھے۔