گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مری بار ایسوسی ایشن کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ 2025 میرے دستخط کا منتظر ہے اور میں اس ایکٹ کو سمجھنے کا منتظر ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری بلدیات پیر کو بریفنگ دیں گے، جس کے بعد بلدیاتی ایکٹ 2025 پر فیصلہ کیا جائے گا۔ سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ وہ اس ملک کے رہائشی ہیں اور بیرون ملک جائیدادیں نہیں رکھتے، نہ ہی کہیں منتقل ہونے کا ارادہ ہے۔انہوں نے مظاہروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی مظاہروں سے ملکی ترقی کا راستہ نہ روکا جائے، اور جذبات میں آکر اپنے ملک کا نقصان نہ کیا جائے۔ گورنر نے مری میں تجاوزات آپریشن کے حوالے سے مقامی لوگوں کے گلے شکوے دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سڑکیں بند کرنے، دکانیں جلانے اور عوام کو مالی اور جانی نقصان پہنچانے کے خلاف سخت قانون سازی ہونی چاہیے۔مزید برآں، انہوں نے انٹرنیشنل میڈیا پر اپنے ملک کی بدنامی کو روکنے کے لیے سخت سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔