لاہور (کرائم رپورٹر) انٹر ریجن باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ 2026 پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں منعقد ہوئی، جس میں پنجاب پولیس کے مختلف یونٹس کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد خالد سعید، ڈی ایس پی مسعود الرحمن اور ڈی ایس پی بابر شوکت نے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کیے۔ لاہور پولیس کے کھلاڑیوں نے چھ طلائی اور تین چاندی کے تمغے جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ فیصل آباد پولیس کے شاہزیب نے مسٹر انٹر ریجن 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جبکہ فیصل آباد ریجن نے دو طلائی، دو چاندی اور ایک کانسی کے تمغے جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ راولپنڈی ریجن پولیس ایک طلائی تمغے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ مقابلے 65، 70، 75، 80، 85 اور 90 کلوگرام کیٹیگریز میں ہوئے۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد خالد سعید نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔