مانگا منڈی کے علاقے میں 13 سالہ بچے ثاقب علی کے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا گیا ہے، جس میں چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے کہ مقتول کا قریبی دوست ہی اس کا قاتل نکلا۔
تفصیلات کے مطابق واقعے کا نوٹس ڈائریکٹر جنرل انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس پی صدر انویسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔پولیس کارروائی کے دوران انچارج انویسٹی گیشن تھانہ مانگا منڈی مرتضیٰ اسلم کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے معمولی رنجش کی وجہ سے 13 سالہ ثاقب علی کو پہلے سر میں پتھر مار کر زخمی کیا اور بعد ازاں گلے میں پھندا ڈال کر اسے قتل کیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم مسلسل نگرانی اور تفتیش کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مضبوط چالان مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ اسے قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ اعلیٰ پولیس افسران نے واضح کیا ہے کہ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔دوسری جانب ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔