تہران (آئی این پی )ایران کی وزارتِ خارجہ نے اسرائیلی فوج کے حملے میں القسام بریگیڈز کے کمانڈر عزالدین الحداد، ان کی اہلیہ اور بچے کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے۔وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دہشت گردانہ کارروائی اور اس نوعیت کی دیگر ٹارگٹ کلنگ اسرائیل کے فلسطین کو نوآبادیاتی طور پر مٹانے کے مجرمانہ منصوبے کا حصہ ہیں۔ایرانی وزارتِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ مزاحمتی قیادت اور فلسطینی شخصیات کو جسمانی طور پر ختم کرنے سے نہ تو مزاحمت کی سوچ متاثر ہوگی اور نہ ہی اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کی جا سکے گی۔بیان کے مطابق ایسے اقدامات الٹا آزادی اور فلسطین کی عزت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنیں گے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو اور وزیرِ دفاع اسرائیل کاتز نے ایک مشترکہ بیان میں دعوی کیا کہ عزالدین الحداد ہزاروں اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کے قتل، اغوا اور زخمی ہونے کے ذمہ دار تھے۔عزالدین حداد کی نمازِ جنازہ غزہ شہر میں ادا کی گئی۔یاد رہے کہ اکتوبر سے اس خطے میں جنگ بندی نافذ ہے، تاہم اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ اسے اب بھی حماس کے ارکان کو نشانہ بنانے کا اختیار حاصل ہے۔