آسٹریلیا میں عیدالفطر 20 مارچ کو منانے کا اعلان

کینبرا (آئی این پی )آسٹریلیا میں رواں سال عیدالفطر 20 مارچ بروز جمعہ کو منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ۔ آسٹریلین امام کونسل کے مطابق یہ فیصلہ جدید سائنسی بنیادوں اور فلکیاتی ماہرین کی آرا کی روشنی میں کیا گیا ہے۔کونسل کا کہنا ہے کہ سائنسی حسابات کے مطابق شوال کا چاند 19 مارچ کی شام کو واضح طور پر نظر آنے کے امکانات ہیں، جس کے پیش نظر 20 مارچ کو عیدالفطر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔آسٹریلین فتوی کونسل نے بھی اس فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے بین الاقوامی سائنسی اداروں اور فلکیاتی مراکز سے مشاورت کی ہے، جس کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ چاند کی رویت ممکن ہوگی۔ آسٹریلیا میں ہر سال عید کے تعین کے لیے سائنسی طریقہ کار کو اہمیت دی جاتی ہے، جس کی وجہ سے وہاں اکثر دیگر ممالک سے ایک دن پہلے یا بعد میں عید منائی جاتی ہے۔