ترکیہ کے مشرقی صوبے ملاتیا میں آج صبح 5.0 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (آفاد) کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 20 منٹ پر آیا۔ آفاد نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ضلع بطلغازی تھا جبکہ اس کی گہرائی زمین سے تقریباً 15.59 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے جھٹکے ملاتیا کے علاوہ قریبی صوبوں الازیغ، آدی یامان، تونج ایلی اور شانلی عرفہ میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا۔آفاد حکام کے مطابق زلزلے کے بعد امدادی اداروں نے علاقے کی صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، تاہم ابتدائی جائزے میں کسی بڑے نقصان یا تباہی کی اطلاع نہیں ملی۔
ترکیہ کے وزیرِ ماحولیات، شہری ترقی اور موسمیاتی تبدیلی مراد کورم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوسیال (NSosyal) پر جاری بیان میں کہا کہ بطلغازی میں آنے والے زلزلے کے بعد اب تک کسی منفی صورتحال کی اطلاع نہیں ملی، تاہم تمام متعلقہ ادارے موصول ہونے والی معلومات کا جائزہ لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ ترکیہ زلزلوں کے حوالے سے ایک حساس خطے میں واقع ہے، جہاں ماضی میں بھی شدید نوعیت کے زلزلے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا باعث بن چکے ہیں۔ اسی وجہ سے حکام معمول کے مطابق زلزلے کے بعد فوری نگرانی اور حفاظتی اقدامات شروع کر دیتے ہیں۔