میثاق سنٹرز اقلیتوں کو قانونی سہولیات کی فراہمی میں پیش پیش

 رواں سال 1729 سے زائد شہریوں کو مختلف پولیس خدمات مہیا کی گئیں
 لاہور (کرائم رپورٹر) میثاق سنٹرز مذہبی اقلیتوں کو خدمات کی فراہمی کا اہم پلیٹ فارم ہیں۔ رواں سال صوبائی دارالحکومت کے میثاق سنٹرز سے 1729 سے زائد اقلیتی شہریوں کو مختلف قانونی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ میثاق سنٹرز سے 342 غیر مسلم شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ میثاق سنٹرز سے 1022 جنرل پولیس ویری فکیشنز کی گئی ہیں۔ میثاق سنٹرز میں 33 گمشدگی رپورٹس، 32 کریمینل رپورٹس اور 31 بے وسیلہ افراد کی رپورٹس درج کی گئی ہیں۔ میثاق سنٹرز سے 25 درخواست گزاروں کو ایف آئی آر کی نقول بھی مہیا کی گئی ہیں۔ لبرٹی، کاہنہ اور مزنگ میں قائم میثاق سنٹرز میں مسیحی و دیگر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ میثاق سنٹرز اقلیتوں کے حقوق کے علمبردار ہیں۔