اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 26 نومبر 2022 کے احتجاج سے متعلق دو مقدمات کا ٹرائل مکمل ہو گیا، جن کا فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے محفوظ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ 23 جولائی کو سنایا جائے گا۔
یہ دونوں مقدمات تھانہ رمنا میں درج کیے گئے تھے، جن میں مجموعی طور پر 80 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا۔ ان میں سے 70 سے زائد ملزمان کو عدالت نے اشتہاری قرار دے رکھا ہے، جبکہ صرف 8 ملزمان کے خلاف ٹرائل مکمل ہوا ہے جن کے خلاف فیصلہ سنایا جائے گا۔مقدمہ نمبر 976 میں 13 گواہان اور مقدمہ نمبر 977 میں 12 گواہان نے بیانات ریکارڈ کرائے۔ مقدمات میں پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل الیاس صدیقی نے گواہوں پر جرح کی، جبکہ حکومت کی طرف سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر محمد عثمان رانا بطور کونسل پیش ہوئے۔وکلاء کی عدم دستیابی کے باعث عدالت نے دو مرتبہ اسٹیٹ کونسل مقرر کیے، جن کے تقرر کو بعد ازاں اپیل کے ذریعے کالعدم قرار دیا گیا۔ دونوں مقدمات میں بالترتیب 22 جنوری اور 3 مارچ 2025 کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔