ملزم حسنین نے ذیشان نامی شہری کو فائرنگ کرکے قتل ،سعودی عرب فرار ہوگیا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس اور انٹرپول کی مشترکہ کاروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں بیرون ملک مفرور قتل میں ملوث اشتہاری کو گرفتار کر کے پاکستان منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل نے اہم کامیاب کاروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو سعودی عرب سے گرفتارکیا،اشتہاری حسنین احمد سیالکوٹ پولیس کو قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔ملزم حسنین احمد نے 2024ء میں ذیشان نامی شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور سعودی عرب فرار ہوگیا تھا۔ پنجاب پولیس نے مسلسل فالو اپ جاری رکھتے ہوئے رواں سال کے 16 دنوں میں تیسرا مفرور اشتہاری بیرون ملک سے گرفتار کر کے پاکستان منتقل کیا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے اشتہاری کی گرفتاری پر آر پی او گوجرانوالہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سپیشل آپریشن سیل کو مزید اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انٹرپول اور ایف آئی اے کے ساتھ تعاون سے سنگین جرائم میں ملوث مزید اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے واپس لایا جائے۔